ایکسپورٹ میں اضافہ خوش آئند، تاریخ میں پہلی بار ریکارڈ قرضے واپس کئے: وزیراعظم

Published On 18 February,2021 11:40 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایکسپورٹ میں اضافہ خوش آئند ہے، تاریخ میں پہلی بار ر یکارڈ قرضے واپس کئے۔

 اسلام آباد میں روش ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں، حکومت میں آئے تو ہمیں ریکارڈ خسارے کا سامنا تھا، کرنسی گرتی ہے تو سب سے زیادہ بوجھ غریب پر پڑتا ہے، کرنسی کی قدر کم ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے، جب تک روپیہ مضبوط نہیں ہوگا، معیشت مضبوط نہیں ہوگی، عوام مشکل حالات سے گزرے، تنخواہ دار طبقے کو مشکلات کا سامنا رہا۔

 وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کے دور میں ہماری برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا، آج ٹیکسٹائل فیکٹریوں کیلئے ورکرز نہیں مل رہے، پہلے لوگ ٹیکسٹائل سے ریئل اسٹیٹ میں جا رہے تھے، قرضے کے باوجود ہمارے معاشی اعشاریے مثبت ہیں، ڈھائی سال میں 20 ارب ڈالر قرض واپس کرچکے، ملک کی معیشت درست سمت کی طرف جا رہی ہے، 6 ہزار ارب روپے قرض کی مد میں دیئے، کسی حکومت نے اتنے قرضے واپس نہیں کیے۔

قبل ازیں گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ 97 ممالک سے اوور سیز پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوائے، سٹیٹ بینک نے جو اقدامات کیے اس سے پہلے نہیں کیے گئے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس نے ترسیلات زر کیلئے 500 ملین ڈالر کا ٹارگٹ حاصل کرلیا، اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کیلئے سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

 

Advertisement