غازی بروتھا: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے، کسانوں سمیت عوام کو سستی شمسی توانائی فراہم کی جائے گی، حکومتی اقدامات کے ثمرات جلد کاشتکاروں تک پہنچیں گے۔
جمعہ کو یہاں کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جعلی زرعی ادویات والوں کے خلاف کریک ڈائون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کاشتکار کرتا ہے اور فائدہ مڈل مین اٹھاتا ہے، ہم مڈل مین کے کردار میں کمی اور عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار سے جس ریٹ پر اجناس لی جاتی ہیں اس سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم زرعی پیداوار بڑھانے اور کاشتکار طبقہ کی معاونت کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں، کسانوں کو آسان اقساط پر قرضے کی فراہمی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویل کو سولر پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اس سے کاشتکاروں کو سستی بجلی دستیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کااحساس ہے اور اس حوالہ سے اقدامات کر رہے ہیں، حکومتی اقدامات کے باعث کاشتکاروں کو ریلیف ملے گا۔ کاشتکاروں نے وزیراعظم کو اپنے مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
کاشتکاروں نے سولر توانائی فراہم کرنے اور جعلی زرعی ادویات کے خلاف کریک ڈائون کا مطالبہ کیا۔ کاشتکاروں نے زرعی اجناس کی فروخت میں مڈل مین کے ہاتھوں مالی استحصال کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے کاشتکاروں کو ان کے مسائل کے حل کا یقین دلایا۔