این اے 221 تھرپارکر: پیپلز پارٹی کے امیدوار پیر امیر علی شاہ کو سبقت

Published On 21 February,2021 04:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار پیر امیر علی شاہ کو سبقت حاصل ہے۔

257 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار پیر امیر علی شاہ 90463 لے آگے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار نظام الدين راہموں 43320 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ضمنی الیکشن کے دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب چھاچھرو میں‌ شرپسندوں‌ نے بیلٹ باکس سمیت دیگر سامان جلا دیا، تاہم پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

حلقہ قومی اسمبلی تھرپارکر 221 میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سمیت 12 امیدوار مدمقابل تھے۔ اس حلقے میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 900 ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہی۔

حلقے میں پولنگ سٹیشنز کی کل تعداد 318 ہے جن میں سے 95 انتہائی حساس اور 130 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔

حلقے میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ اس سلسلے میں 4 ہزار پولیس اہلکاروں، ایک ہزار رینجرز کے جوانوں سکو کیورٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
 

Advertisement