اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اجلاس میں پاکستان بارے رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے پاکستان بارے رپورٹ پیش کی گئی۔ پاکستان نے ستائیس نکات پر عملدرآمد رپورٹ ایشیا پیسفک گروپ کو ارسال کی تھی۔
پاکستان کی عملدرآمد رپورٹ کی روشنی میں ایشیا پیسفک گروپ نے جائزہ رپورٹ تیار کی ہے۔
ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے کے بعد ممبران کی جانب سے جائزہ لیا گیا۔
منگل کے روز فیٹف اجلاس میں ایشیا پیسفک گروپ کی پاکستان بارے رپورٹ پر بحث ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً دو بجے کے بعد رپورٹ پر بحث ہوگی۔ بدھ کو فیٹف اجلاس میں پاکستان بارے فیصلہ کیا جائے گا۔