کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کی اپوزیشن جماعت نے سپیکر سندھ اسمبلی سے ملاقات کر کے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کیلئے درخواست کر دی۔ اپوزیشن کے خلاف ہونے والی مبینہ انتقامی کاروائیوں کے خلاف قرارداد بھی جمع کروائی۔
سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم، تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس کے پارلیمانی لیڈرز نے حلیم عادل شیخ کیلئے پروڈکشن آرڈر کی درخواست دی، رہنماؤں نے پولیس رویئے کیخلاف قرار داد بھی جمع کرائی۔ سپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ داخلہ کو لکھیں گے۔
دوسری جانب حلیم عادل شیخ نے دنیا نیوز سے گفتگو میں کہا کہ مرادعلی شاہ اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں، میرا جرم صرف عوام کی بات کرنا ہے۔
اُدھر انسداد دہشتگردی منتظم عدالت کے جج نے حلیم عادل شیخ اور سمیر میر شیخ کی درخواست ضمانت اور مقدمہ اے ٹی سی 16 میں منتقل کر دیا، جس کی سماعت 24 فروری کو اے ٹی سی سینٹرل جیل میں ہوگی۔