کولمبو: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے دو روزہ دورہ سری لنکا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ دونوں فریقین نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ اور تعمیری بات چیت کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے ایک ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقین نے امن وسلامتی کے فروغ اور دہشت گردی سمیت منظم جرائم کی روک تھام کیلئے انٹلی جنس شیئرنگ بڑھانے پر اتفاق کیا۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جنگ مسائل کا نہیں، مسئلہ کشمیر صرف مذاکرات سے ہی حل ہو سکتا ہے۔ برصغیر کے تمام تنازعات بات چیت سے حل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ بھارت سے کاروبار بڑھانے اور کشیدگی کم کرنے کیلئے رابطہ کیا لیکن کامیاب نہیں ہو سکے۔ جب تک مسائل سے نہیں نکلیں گے، خوشحالی نہیں آئے گی۔ سری لنکا کے صدر سے بہت اچھی ملاقات رہی۔ کسانوں کو ان کی محنت کے بہتر معاوضے پر بھی بات کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خطے میں عوام کو غربت سے نکالنے کیلئے تجارتی تعلقات ناگزیر جبکہ سرمایہ کاری کے ذریعے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں جس میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کا جامع انداز میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے، اعلیٰ سطح اور وفود کی سطح پر تبادلے کو فروغ سمیت متعلقہ اداروں کے مابین مشاورت پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے پرامن ہمسایہ کے وژن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر دونوں ممالک کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر مربوط نقطہ نظر کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سری لنکا کی سماجی واقتصادی ترقی کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے پاک سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے تحت ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں 100 سکالرشپ کا اعلان کیا۔ سری لنکا نے پاکستان کی جانب سے انسانی وسائل کی ترقی اور صلاحیتوں میں اضافے میں تعاون کو سراہا۔
دونوں فریقین نے دفاعی شعبے میں دو طرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی معاملات میں تعلقات کی مضبوطی کیلئے دو طرفہ رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے 50 ملین ڈالرز کی نئی دفاعی کریڈٹ لائن کی سہولت کا اعلان کیا۔
دونوں ممالک نے سیاحت کے میدان میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان نے کینڈی یونیورسٹی پیراڈینیہ میں ایشین تہذیب اور ثقافت مرکز کے قیام کا اعلان کیا۔
دورے کے دوران سیاحت ، تجارت اور ثقافت کو فروغ دینے کے لئے فضائی رابطے کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان سری لنکا آزاد تجارتی معاہدے کو مزید وسیع اور گہرا کرنے اور دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو ایک ارب ڈالرز تک لے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان سری لنکا کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔