پی ٹی آئی کو ترقی کی ایک اینٹ لگانا بھی نصیب نہیں ہوئی، سراج الحق

Published On 24 February,2021 08:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اقتدار میں آ کر ترقی کی ایک اینٹ لگانا بھی نصیب نہیں ہوئی، حکومت نے ملک کو خود انحصاری کی راہ پر ڈالنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

سراج الحق نے ایک بیان میں کہا کہ معاشی حکمت عملی زیادہ سے زیادہ قرض لینے کے گرد گھومتی ہے۔ سابق حکمرانوں نے قوم کو زخم دیے، موجودہ نے انہیں ناسور بنا دیا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نعرے لگانے والے بھی صرف تیس ماہ میں ہی رسوا ہو گئے۔ سیاسی جماعتیں حالات کی نزاکت کا ادراک نہیں کر رہیں۔ ملک کا پڑھا لکھا نوجوان روزگار کے حصول کے دھکے کھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی، گھی، آئل اور چکن کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کے دکھوں کا مداوا چاہتی ہے۔ عوام اسلامی انقلاب لانے کے لیے جماعت اسلامی کے دست وبازو بنیں۔ جماعت اسلامی اب واحد آپشن ہے۔
 

Advertisement