اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے ایک بار پھر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے لئے امیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کر دیا ہے۔
اس سے قبل صادق سنجرانی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ وفاقی وزراء کے بعد سپیکر قومی اسمبلی نے بھی انہیں اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کے دوران سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا آپ یہ کیوں نہیں کہتے کہ ہماری خاتون امیدوار جیتی ہیں، یہ اعتماد و عدم اعتماد کی بات نہیں، یہ سیاسی عمل ہے، ہوتا رہتا ہے، صادق سنجرانی سے کوئی بہتر نہیں ہوسکتا، جب وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لیں گے تو 181 اراکین ان کی حمایت میں کھڑے ہونگے۔
دوسری جانب چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق صادق سنجرانی نے ق لیگ سے چئیرمین سینیٹ کے لئے حمایت مانگ لی۔ ق لیگ نے صادق سنجرانی کی بطور چئیرمین سینیٹ حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔
یاد رہے سینیٹ انتخاب کے بعد اپوزیشن ارکان کی تعداد 53 ہوگئی جبکہ پی ٹی آئی اور اتحادیوں کی نشستیں 47 ہوگئی۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں پیپلز پارٹی 20 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔
ن لیگ 18، جے یو آئی 5، اے این پی، نیشنل پارٹی، پشتونخوا میپ کی 2،2 سیٹیں ہیں۔ بی این پی مینگل تین اور ایک آزاد ارکان کی حمایت بھی اپوزیشن کو حاصل ہے۔
حکومتی اتحاد میں پی ٹی آئی 26 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی 12، ایم کیو ایم 3، ق لیگ اور مسلم لیگ فنکشنل کے ایک ایک سینٹرز اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں۔