حادثے سے متاثر اپ ٹریک کی بحالی کا کام مکمل ہو گیا، ریلوے ذرائع

Published On 07 March,2021 05:25 pm

سکھر: (دنیا نیوز) ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایکسپریس کو پیش آںے والے حادثہ کے بعد متاثر اپ ٹریک کی بحالی کا کام مکمل ہو گیا ہے۔

ابتدائی اور آزمائشی طور پر زکریا ایکسپریس کو روانہ کیا جا رہا ہے۔ زکریا ایکسپریس کو حد رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹے سے گزارا جائے گا۔ زکریا کے گزرنے کے بعد ٹریک کی بحالی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ریلوے حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ حادثے کے باعث ٹریک کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے اس کی بحالی میں وقت لگ رہا ہے تاہم ٹرینوں کی آمدورفت جاری ہے اور لاہور کی طرف جانے والی ٹرینوں کو جائے حادثہ سے ڈاؤں ٹریک کے ذریعے گزارا جا رہا ہے۔

حادثہ کی تحقیقات کے لیے پاکستان ریلوے لاہور ہیڈ کوارٹرز سے ایف جی آئی آر کی ٹیم سکھر پہنچ گئی ہے۔ ایف جی آئی آر کی ٹیم نے سکھر پہنچ کر فوری طور پر جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ٹریک کا معائنہ کیا۔

ٹیم نے ٹریک کی پیمائش بھی کی جبکہ سانگی ریلوے سٹیشن پر موجود ٹرین کے انجن کا معائنہ کیا اور اس میں نصب ڈیٹا بکس سے تمام ڈیٹا اپنی تحویل میں لے لیا۔

ایف جی آئی آر ٹیم کا کہنا ہے کہ ڈیٹا سے حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔ کراچی ایکسپریس میں لگایا گیا انجن چار ہزار ہارس کا تھا تاہم جائزہ لے رہے ہیں اور تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ حادثہ تیز رفتاری یا ٹریک کی خرابی کے باعث پیش آیا۔

ایف جی آئی آر کی ٹیم انجن کے ڈرائیور اور گارڈ کے بیانات بھی لے گی، اس کے بعد ابتدائی رپورٹ جاری کرے گی۔
 

Advertisement