راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ویڈیو جاری کر دی ۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جاری ویڈیو میں ملکی دفاع میں خواتین کے کردار سمیت کورونا وبا کے دوران آرمی میڈیکل کور میں شامل خواتین اہلکاروں کی خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
خصوصی ویڈیو میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج، پولیس اور رینجرز سے وابستہ خواتین کے پیغامات شامل ہیں کہ انہیں ملک کے لیے خدمات ادا کرنے پر فخر ہے۔
پاک فوج سے تعلق رکھنے والی کیپٹن ہما نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی خواتین ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہی ہیں، یہ یونیفارم پہننا میرے لیے اعزاز ہے۔
پاک فضائیہ کی اسکواڈرن لیڈر صائمہ نے کہا کہ کبھی بھی یہ نہیں سمجھتی تھی کہ خواتین فلائنگ کرسکتی ہیں، جوش و جذبے اور لگن سے ہم یہاں تک پہنچے ہیں اور اسی عزم سے ہم مزید آگے بڑھنے کا سوچتے ہیں۔
ویڈیو میں پاک بحریہ کی لیفٹیننٹ کمانڈر ثنا نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن پر ہم پاکستان کے لیے خدمات سرانجام دینے کا عزم کرتے ہیں۔
پاک بحریہ کی سب لیفٹیننٹ آن نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن پر مجھے یہ موقع ملا ہے کہ اپنے نمائندگان میں مجھے شامل کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرسکوں۔
اے سی ایف کی فریال نعیم نے کہا کہ میرا تعلق پاکستان کے قبائلی علاقے سے ہے، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں قبائلی خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے مردوں کے شانہ بشانہ اپنے ملک کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کررہی ہوں۔
سندھ پولیس کی سیدہ سونیا کہتی ہیں کہ شکرگزار ہوں کہ ہمیں اس ملک کی قوم کے جان و مال کی حفاظت کے لیے چنا گیا ہے اور ہم مردوں کے شانہ بشانہ اپنے تمام فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فخر محسوس ہوتا ہے کہ میں پولیس کا حصہ ہوں۔
رینجرز کی نادیہ خان کے مطابق وہ خود کو خوش قسمت ترین افراد میں شمار کرتی ہیں کہ انہیں پاکستان کی حفاظت کے لیے چُنا گیا۔
اے ایف این ایس کی حاجرہ کہتی ہیں کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر میں قوم کی خواتین کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اپنے لیے آواز اٹھانے کے لیے کسی اور کا انتظار مت کریں، یہ آپ ہی ہیں جو دنیا کو بدل سکتی ہیں۔
پاک فوج کی کیپٹن عائشہ کہتی ہیں کہ ایک عورت فرق پیدا کرسکتی ہے لیکن ایک ساتھ مل کر ہم دنیا کو بدل سکتے ہیں۔
پاک آرمی میڈیکل کور کی میجر سنیلا کہتی ہیں کہ ہم خواتین بطور والدہ، بہن، بیٹیاں اور بطور بیوی اپنے خاندان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر وقت کوشاں رہتی ہیں لیکن ہمیں اپنے ملک کی ترقی کے لیے بھی مردوں کے شانہ بشانہ اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
میجر سنیلا کہتی ہیں کہ اگر ہم ایسا کرتے رہیں گے تو یہ ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہوجائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی خواتین نے قوم کی عزت اور وقار میں اضافےکے لیے بے پناہ خدمات سر انجام دی ہیں اور پاکستانی خواتین کورونا کے خلاف جنگ میں بھی پیش پیش ہیں ۔