اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ یوم پاکستان پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی گئیں، کراچی سے خیبر تک پوری قوم کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ نماز فجر کے بعد مملکت خداداد کی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور ملکی سلامتی و استحکام کے لئے دعا کی۔ لاہور گیریژن میں بھی دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ پشاور گیریژن میں بھی جشن آزادی کے سلسلے میں توپ کے 21 گولے داغے گئے۔ کوئٹہ کینٹ میں دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔
ادھر لاہور مزار اقبال پر گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل ندیم اختر خان، ائیر افیسر کمانڈنگ پی اے ایف ائیرمین اکیڈمی، کورنگی کریک تھے۔ مہمان خصوصی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی دی اور حفاظتی فرائض سنبھالے۔
دوسری جانب پاک فوج کے تعلقات عامہ کے مطابق آج ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب موسم کی خرابی کے باعث دو روز کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے، تقریب اب 25 مارچ کے روز منعقد کی جائے گی۔
وزیراعظم کا پیغام
یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج تجدید عہد وفا کا دن ہے، ریاست مدینہ کی طرح پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کا عزم کرتے ہیں، آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوتوا ذہنیت سے آزادی کیلئے علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا، ہمیں قائداعظم کے اتحاد، عقیدے اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دن غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں، حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، آئیں پاکستان کو ریاست مدینہ کے مترادف، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے عزم کی تجدید کریں، کورونا وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، کورونا کا سامنا کرنے کیلئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت عارف علوی
یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے، اقوام عالم کو غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہئے، اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کیلئے رواداری اور انسان دوست معاشرہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اہم کردار ادا کرنے والے اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں، اتحاد، ایمان اور تنظیم کی مدد سے ہم اپنی راہ میں آنیوالے کسی بھی چیلنج پر قابو پاسکتے ہیں۔
بلاول بھٹو
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انصاف اور برابری کی بنیاد پر جمہوری معاشرے کے قیام کیلئے یہ ملک بنایا گیا، آگے بڑھنے کا واحد راستہ آئین کی بالادستی ہے، قائداعظم اور ان کے رفقاء کی تعلیمات کو بھلا دینے سے ملک معاشی، سیاسی اور معاشرتی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے، نظریاتی اساس پر عملدرآمد سے ہی پاکستان اسلامی ممالک میں رول ماڈل بن سکتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر ادارہ آئینی دائرہ کار اور مینڈیٹ کے مطابق کام کرے، تاکہ قرارداد پاکستان اور تحریکِ آزادی کے اغراض و مقاصد حاصل کیے جاسکیں، پیپلز پارٹی بانی پاکستان کے وژن کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی بہت قربانیوں کا ثمر ہے، قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا سفر جاری ہے، آزادی کی تاریخ میں یوم پاکستان 23 مارچ کے دن کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، یہ ایک ایسا دن ہے جب آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی، آج ہم آزاد ہیں لیکن یہ آزادی بہت سی قربانیوں، کاوشوں اور محنتوں کا ثمر ہے، بحیثیت قوم ہم قائداعظم اور ان کی زیر قیادت قرارداد پاکستان منظور کرنیوالے مسلم لیگ کے اکابرین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ منٹو پارک کے تاریخی جلسے میں منظور کی جانے والی قرارداد پاکستان کے قیام کی بنیاد بنی، 23 مارچ کا دن جذبوں کی تعمیر اور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے، حصول آزادی کا سفر کبھی آسان نہیں ہوتا، پاکستان کی منزل پانے کیلئے آگ اور خون کے دریاؤں سے گزرنا پڑا، قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں بے شمار قربانیاں دے کر الگ وطن کی جدوجہد کامیاب ہوئی، برصغیر میں بسنے والی مختلف نسلیں، مختلف قبیلے اور مختلف فرقے ایک قوم بننے کا فیصلہ نہ کرتے تو پاکستان کا معجزہ کبھی ظہور پذیر نہ ہو پاتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا سفر بتدریج جاری ہے، اس مرحلے میں قوم کے ہر فرد کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، بحیثیت قوم ہم نے پاکستان کے موجودہ چیلنجز کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان کی بنیاد رکھ چکی ہے، عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائد اور اقبال نے دیکھا، 23 مارچ 1940 والے جذبے، عزم اور یکجہتی کو اپنا کر وطن عزیز کو آگے لے کر جائیں گے۔
مزار قائد پر حاضری
یوم پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا سمیت دیگر اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔ تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اور ڈی جی رینجرز سندھ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ بابائے قوم کے مزار پر تجدید عہد وفا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ جناح کا تصور پاکستان درست تھا، عمران خان کی قیادت میں قائداعظم کے نقش قدم پر پاکستان کو لیجا رہے ہیں، پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلی سندھ نے بھی بانی پاکستان محمدعلی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے 73 کے آئین کے تحت ہمیں آگے بڑھنا ہے، ہمیں خاص طور پر اس وقت متحد ہونے کی ضرورت ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے ہی کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا، ہمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا، آج کے دن تحریک پاکستان کے تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ مل کر تمام مسائل پر قابو پایا جائے۔