سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بننے پر پی ڈی ایم قیادت کو اعتماد میں لیں گے، یوسف رضا گیلانی

Published On 26 March,2021 06:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سرکاری اپوزیشن کہنا درست نہیں، اے این پی، جماعت اسلامی اور آزاد ارکان نے حمایت کی۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بننے پر پی ڈی ایم قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پی ڈی ایم میں نئی بات نکلی کہ استعفوں کے بغیر دھرنوں کا فائدہ نہیں ہے، اگرچہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے واضح کیا تھا کہ استعفوں کا آپشن آخری ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کیلئے ہم قانونی ماہرین سے مشاورت کی۔ پی ڈی ایم نے تمام ضمنی الیکشن جیتے جبکہ بلاول بھٹو نے لانگ مارچ کی تیاری کر رکھی تھی۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد میاں نواز شریف نے الیکشن بائیکاٹ کا سوچا تھا۔

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بن گئے ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے ان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کیلئے چئیرمین صادق سنجرانی کو درخواست دی جس پر 30 سینیٹرز کے دستخط موجود تھے۔

پیپلز پارٹی کو اپنے 21 سینیٹرز کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے 2، جماعت اسلامی کے ایک، فاٹا کے 2 اور 4 آزاد سینیٹرز کی حمایت حاصل ہوئی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یوسف گیلانی کی درخواست وصول کرنے کے بعد سینیٹرز کے دستخطوں کی تصدیق کی۔ تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد یوسف رضا گیلانی کا ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفنیش جاری کر دیا گیا ہے۔

 

Advertisement