کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے تحریک انصاف کو نالائق جماعت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا اس سے کسی قسم کا موازنہ نہ کیا جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے کون سے کام خود کرنے ہیں، کن کاموں کے لئے قیادت کی منظوری ضروری ہے۔ ہم صوبے کی ترقی کے لئے سب سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
سعید غنی نے وفاقی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پہلے گیس کی قیمتیں بڑھائی گئیں، شور مچا تو تحقیقاتی کمیٹی بنا دی حالانکہ منظوری خود دی تھی۔ دواؤں کی قیمتیں بھی خود بڑھائی لیکن وزیر کو فارغ کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمتیں بھی حکومت نے خود بڑھائیں۔ اسد عمر خود اعتراف کرچکے کہ انھیں، گورنر سٹیٹ بینک اور وزیراعظم کو اس فیصلے کا پتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کامرس کے وزیر عمران خان خود ہیں، ان کی مرضی سے ہی ای سی سی کی سمری آئی، معاملہ کابینہ میں آتا ہے تو پوچھتے ہیں یہ کس نے کیا؟
صوبائی وزیر نے کہا کہ اس میں عمران خان کا قصور نہیں، بحیثیت وزیر منظوری دیتے ہیں لیکن بحیثیت وزیراعظم اعتراض کرتے ہیں۔ اگر حماد اظہر نے بغیر پوچھے سمری دی ہے تو اس کو برطرف کریں نہیں تو جس نے منظوری دی اس کو سامنے لائیں۔