کورونا کا پھیلاؤ: لاہور میں قیدیوں کی ملاقاتوں پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

Published On 06 April,2021 02:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کورونا کے بڑھتے پھیلاؤ کے پیش نظر پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کے لواحقین کی ملاقات پر 10 روز کے لیے پابندی عائد کر دی۔

کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں سے ان کے لواحقین کی ملاقاتوں پر 10 روز کے لیے پابندی عائد کر دی۔ اس ضمن میں آئی جی جیل خانہ جات، ڈی آئی جی جیل خانہ جات اور پنجاب کے تمام سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے اور ہدایات کی گئی ہیں کہ کورونا ایس او پیز پر پابندی کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 103 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 96 ہزار 184 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 953 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 35 ہزار 569، سندھ میں 2 لاکھ 66 ہزار 926، خیبر پختونخوا میں 93 ہزار 33، بلوچستان میں 19 ہزار 855، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 61، اسلام آباد میں 62 ہزار 211 جبکہ آزاد کشمیر میں 13 ہزار 529 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 4 لاکھ 93 ہزار 362 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 665 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 18 ہزار 158 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 645 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 103 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 675، سندھ میں 4 ہزار 510، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 469، اسلام آباد میں 584، بلوچستان میں 211، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 372 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement