لاہور ہائیکورٹ:حکومت کوچینی 80 روپے کلو کے حساب سےخریدنے کا حکم

Published On 07 April,2021 08:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو ماہ رمضان المبارک میں شوگر ملز سے چینی 80 روپے کلو کے حساب سے خریدنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے شوگر کین کمشنر کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے شوگر ملز کی ایک ہی نوعیت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواستوں میں سرکاری طور پر شوگر ملز سے 80 روپے کلو کے حساب سے چینی خریدنے کے احکامات کو چیلنج کیا گیا۔

عدالت نے حکومتی حکام اور شوگر ملز کو دو مرتبہ مشاورت کیلئے مہلت دی لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے کی شوگر ملز کے پاس 25 لاکھ ٹن چینی موجود ہے جبکہ رمضان المبارک میں ایک لاکھ 55 ہزار ٹن چینی کی کھپت ہو گی۔

سماعت کے دوران شوگر ملز کے وکلا نے 20 لاکھ ٹن تک چینی 83 روپے کلو تک بیچنے کی پیشکش کی۔ عدالت کے روبرو فریقین کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے پر عدالت نے عارضی بنیادوں پر رمضان کے دوران شوگر ملز سے ایک لاکھ 55 ہزار ٹن چینی 80 روپے کلو کے حساب سے خریدنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ماہ رمضان المبارک میں عوام کو چینی ملنی چاہیے، یہ ثواب کا کام ہے۔ عدالت نے پنجاب کی 40 شوگر ملز سے ان کی استطاعت کے مطابق چینی خریدنے کا حکم دیا۔

عدالت عالیہ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو چینی کی قیمت کے تعین کیلئے رولز اور ضروری ترمیم کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

ہائیکورٹ نے چینی کی قیمت کے بارے میں تمام درخواستوں کو اکٹھا کرکے آئندہ سماعت پر سماعت کیلئے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
 

Advertisement