پیپلز پارٹی نے سیاسی فائدے کیلئے پی ڈی ایم کو استعمال کیا، محمد زبیر

Published On 07 April,2021 09:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سیاسی فائدے کیلئے اپوزیشن اتحاف پی ڈی ایم کو استعمال کیا۔

یہ بات انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) صوبہ پنجاب کی بڑی جماعت ہے۔ اگر حکومت کیخلاف لانگ مارچ ہوتا تو اسے کامیاب ہم نے ہی بنانا تھا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی استعفوں سے پیچھے ہٹی مسلم لیگ (ن) نہیں، ہم پر کوئی کسی ڈیل کا الزام نہیں لگا سکتا۔ نواز شریف کی وطن واپسی کی بات پی ڈی ایم میں بریک ڈاؤن کرنے کیلئے کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل ہر جماعت کا مختلف طریقہ کار ہے۔ آصف زرداری نے استعفوں کا معاملہ نواز شریف کی واپسی سے جوڑا۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹ پر معاملہ مزید خراب ہوا۔

پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما محمد زبیر نے اعتراف کیا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے شوکاز نوٹس بھیجنے سے پہلے ہی پیپلز پارٹی اور اے این پی کیساتھ دوریاں بڑھ چکی تھیں۔

 

Advertisement