جہانگیر ترین پرسنگین الزامات،انھیں ہاتھ نہ لگایا تو میڈیا سوال اٹھائےگا:شفقت محمود

Published On 08 April,2021 11:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم یا پارٹی کی جہانگیر ترین سے کوئی دشمنی نہیں، اگر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالت میں کلیئر ہونا چاہیے۔

شفقت محمود نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ صرف جہانگیر ترین کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ شوگر کے مرکزی 18 گروپس کی انکوائری ہو رہی ہے۔ باقی شوگر ملز والوں میں سے بھی کچھ کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔

وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ کیا جہانگیر ترین سے صرف اس لئے تحقیقات نہیں ہونگی کہ وہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل رہے؟ تحقیقات کے حوالے سے دہرا معیار تو نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی تحقیقات میں جہانگیر ترین پر بڑے سنگین الزامات ہیں۔ اگر ہم انھیں ہاتھ نہیں لگائیں گے تو میڈیا آواز اٹھائے گا۔ تحریک انصاف نے تو کہا تھا کہ احتساب گھر سے شروع ہوگا۔ جہانگیر ترین کے حوالے سے کچھ لوگوں کی اپنی رائے ہو سکتی ہے۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ شوگر کے بڑے گروپ کی بے قاعدگیاں ہوں اور ہم کارروائی نہ کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوگر انکوائری رپورٹ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو رہی۔ اگر اپنے لوگوں کے خلاف ایکشن نہ لیں تو پھر ہمیں ٹارگٹ کیا جاتا ہے۔ شوگر ملوں کے حوالے سے جہانگیرترین کو کیسے نظر انداز کر سکتے ہیں۔ تحقیق کے بعد بہت ساری چیزیں چینی کے حوالے سے سامنے آئی ہیں۔


شفقت محمود نے کہا کہ قانون کی حکمرانی ہمارا نصب اولین ہے۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے کمیشن بنایا گیا جس نے تحقیقات کیں۔ جہانگیر ترین کے بیانات سن کر حیرانی ہوئی۔
 

Advertisement