اسلام آباد: (دنیانیوز) شیخ رشید نے رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو مختلف علاقوں میں سڑکیں کلیئر کرانے پر مبارکباد دی۔ وزیر داخلہ نے شرکاء کو ہدایت کی کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امورنور الحق قادری، سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب انعام غنی اور کمشنر راولپنڈی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اجلاس میں مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ موٹرویز، جی ٹی روڑ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لئے کلیئر کروالی ہیں، اسلام آباد، راولپنڈی میں لیاقت باغ، ترنول، بارہ کہو، روات کے علاقوں کو ٹریفک کے کئے کھلوا لیا گیا، رینجرز نے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ ملکر بہت زبردست کام کیا۔