کوئٹہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تصدیق کی ہے کہ کوئٹہ میں گزشتہ روز ہونے والا دھماکا خود کش تھا، حملہ آور گاڑی میں ہی بیٹھا رہا، ساٹھ سے 80 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
اسلام آباد میں کوئٹہ دھماکے کی ابتدائی تفتیش کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے۔ پاکستان کی ترقی کے خلاف پڑوسی ملک میں سازشیں کی جا رہی ہیں۔ سکیورٹی کے 22 اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کوئٹہ دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ چیف سیکرٹری سے فوری تحقیقات کا کہا ہے۔ پاکستان کی ترقی جنہیں ایک آنکھ نہیں بھاتی وہ غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سے 3 لاکھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس صرف بھارت سے گزشتہ 10 دنوں میں کھلے۔ گوادر اور بلوچستان پاکستان کی ترقی کا نام ہیں، چین پاکستان کا بہترین دوست ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہزاروں قربانیوں کے بعد دہشتگردی کو شکست دی، عظیم فوج کےساتھ دہشتگردی کے ہر حملے کو شکست دیں گے، 22 کروڑ افراد ملکی دفاع کیلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں سرینا چوک کے قریب ہوٹل پارکنگ میں دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوئے تھے۔ وزیراعظم نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش اور تہہ تک پہنچنے کی ہدایت جاری کی تھی۔