ہمارا مقصد پرامن، خود مختار، جمہوری اور مستحکم افغانستان ہے: آرمی چیف

Published On 22 April,2021 04:59 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ ہمارا مقصد پرامن، خود مختار، جمہوری اور مستحکم افغانستان ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات پاکستان میں تعینات افغان سفیر نجیب اللہ علی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سفیر نجیب اللہ علی نے افغان امن عمل کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاع اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت جبکہ افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
 

Advertisement