عثمان بزدار کی ڈھائی سالہ کارکردگی گزشتہ ادوار سے بہتر ہے، وزیراعظم

Published On 26 April,2021 04:26 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف اور عثمان بزدار کے کاموں کا موازنہ کیا جائے۔ ڈھائی سال پہلے بالی ووڈ کا ایکٹر پانی میں بوٹ پہن کر کھڑا ہوتا تھا۔ اس نے اربوں روپے تشہیری مہم پر خرچ کیے۔

ملتان میں ایک تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کی ڈھائی سالہ کارکردگی گزشتہ ادوار سے بہتر ہے۔ پاکستان میں چھوٹا سا طبقہ عوام کا خون چوس رہا تھا۔ لندن کے مہنگے علاقوں میں انہوں نے بڑے محلات بنائے۔ لوگوں کو کہتے ہیں پیسہ لے کر آؤ، اپنا پیسہ باہر لے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ طاقتور اپنے علاقوں میں پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے سرمایہ کاری باہر سیاست پاکستان میں کی۔ تاہم عثمان بزدار کے دل میں غریبوں کیلئے درد ہے۔ مجھے ایسا وزیراعلیٰ چاہیے تھا جو لوگوں کے دکھ اور درد کو سمجھے۔ مجھے وہ آدمی چاہیے تھا جس کا پاکستان کیلئے جینا مرنا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں غریبوں کی بہتری کیلئے اقدام اٹھائے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے ہر خاندان کو دسمبر تک ہیلتھ کارڈ دینے کا ہدف ہے۔ ہیلتھ کارڈ سے غریب خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسان کارڈ سے براہ راست 97 فیصد کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ چھوٹے کسان کی مدد کریں گے تو ملک میں خوشحالی آئے گی۔ عالمی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں غربت کم ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب پیچھے رہ گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کو آبادی کے مطابق نوکریوں کا کوٹہ ملے گا۔ جنوبی پنجاب علیحدہ صوبہ بنے گا ترمیم کی طرف جائیں گے۔
 

Advertisement