وزیر اطلاعات کا پاکستان، سعودی عرب کے درمیان ابلاغ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

Published On 26 April,2021 09:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے ثقافت اور ابلاغ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر فواد چودھری سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی اور دورہ سعودی عرب کا دعوت نامہ دیا۔ اپنے دعوت نامے میں سعودی وزیر برائے میڈیا نے وزیر اطلاعات کے لئے ماہ رمضان میں سعودی عرب کے دورہ، عمرہ ادائیگی، مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین میڈیا تعاون کو مستحکم کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کا بھی موقع فراہم ہوگا۔

فواد چودھری نے سعودی ہم منصب کی دورہ کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی سعودی عرب کا دورہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادانہ تعلقات‘ مشترکہ عقیدے ‘ثقافت ‘ اقدار و روایات پر مبنی ہے ‘میڈیا تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے مفاہمتی یاداشتوں پ عمل درآمد پر زور دیا گیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ثقافت کے میدان میں تعاون ایک دوسرے کے اقدار کو سمجھنے اور دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے کے لئے ضروری ہے۔ دونوں فریقین نے کوویڈ 19 کی حالیہ صورتحال اور اس ضمن میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کو کورونا وبا پر قابو پانے کے لئے پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی سے آگاہ کیا جسے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔
 

Advertisement