اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں سیکیورٹی افسران کے لیے 27 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ این اے 249 میں ہر پولنگ سٹیشن کے باہر پولیس اور رینجرز تعینات ہوگی۔ پولیس اور رینجرز صاف، شفاف اور منصفانہ انتخاب میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے۔
اس کے علاوہ پولیس اور رینجرز کے اہلکار ڈسٹرکٹ ریٹرننگ، ریٹرننگ اور پریذائیڈنگ افسران کے ساتھ تعاون کے پابند ہونگے۔ پریذائڈنگ آفیسر تعاون نہ کرنے یا حکم نہ ماننے پر کسی بھی شخص کو سیکورٹی سے ہٹا سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار این اے 249 ضمنی انتخاب کے دوران غیر جانبدار رہیں گے، پولنگ سٹاف اور ووٹرز کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ جاری کارڈز کے حامل صحافیوں کو پولنگ سٹیشن کے اندر آنے سے نہ روکا جائے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو ووٹرز سے شناختی کارڈز اور پرچی کے بارے میں پوچھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
سیکیورٹی اہلکاروں کو پریذائڈنگ افسر کے حکم کے بغیر کسی شخص کو گرفتار کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔