بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور میں ڈیڑھ سو سال قبل قائم ہونے والی جامع مسجد الصادق اپنی خوبصورتی اور فن تعمیر میں ایک الگ مقام رکھتی ہے، 15 ہزار نمازی بیک وقت اس میں سما سکتے ہیں۔
سفید سنگ مرمر سے تیار آسمان کو چھوتے بلند و بالا مینار اس کی منفرد خصوصیات ہیں۔ دیار سے بنے بڑے بڑے در، دیواروں سے چھلکے خطاطی کا ہنر اس مسجد کو سیاحوں کیلئے پرکشش بناتے ہیں۔ اس کا کل رقبہ 24 کنال اور 15000 نمازی کی گنجائش ہے۔ مسجد کی تزئین و آرائش میں نوابوں نے کوئی گنجائش باقی نہ چھوڑی، تب ہی تو یہاں جو بھی آئے، اس کے سحر میں گرفتار ہو جائے۔
سرکار پرخرچے کا بوجھ ہے نہ ہی کوئی چندہ، یہ مسجد خود انحصار ہے۔ خلوص کی اینٹوں پر کھڑی بنیادیں اور تعمیر میں شامل عشق کا گارا، یہی وجہ ہے کہ اس شاندار مسجد کا حسن ڈیڑھ صدی بعد بھی ماند نہ پڑ سکا۔
نوابی دور میں تعمیر ہونے والی یہ مسجد فن تعمیر کا ایسا شاہکار ہے کہ جو بھی یہاں آئے بے ساختہ سبحان اللہ بول اٹھے۔