اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ رشوت اور مالی بدعنوانی پاکستان کی معیشت کیلئے زہر قاتل ہے، نوجوان نسل کو معاملہ پر آگاہی دینا بہت ضروری ہے۔
نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں آگاہی وتدارک ڈویژن کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نیب ریٹائرڈ جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ رشوت اور مالی بدعنوانی پاکستان کی معیشت کیلئے زہر قاتل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن برائیوں کی جڑ، معیشت، سماجی انصاف اور معیار زندگی کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے کرپشن کو ختم کرنا ہوگا۔ پاکستان کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کیلئے نوجوان نسل کو معاملہ پر آگاہی دینا بہت ضروری ہے۔