انٹرنیٹ ووٹنگ: الیکشن کمیشن کا خدشات حکومت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ

Published On 28 April,2021 05:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق اپنے خدشات ایک بار پھر حکومت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینز سے متعلق بھی بریفنگ تیار کر لی ہے۔ صدر پاکستان عارف علوی کی زیر صدارت ذیلی کمیٹی کا اجلاس کل ایوان صدر میں ہو گا۔

الیکشن کمیشن کے ڈی جی آئی ٹی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ پر ایوان صدر میں بریفنگ دیں گے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن انٹرنیٹ ووٹنگ کے ممکنہ خدشات کے باعث آئی ووٹنگ کی مخالفت کر چکا ہے۔ اجلاس میں چیئرمین نادرا، الیکشن کمیشن حکام سمیت ایچ ای سی اور نیسٹ کے حکام بھی شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اطلاعات ونشریات کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا تھا کہ حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔

فواد چودھری نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں انتخابی اصلاحات لانے میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں اور یہ بھی بتایا گیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا تکنیکی حصہ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے قواعد کے بارے میں فیصلہ ابھی کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ EVM پاکستان میں بنانے کے ساتھ دو مشینیں باہر سے درآمد کی گئی ہیں۔
 

Advertisement