سعودی ایئرپورٹس پر آپریٹ کرنیوالی ایئر لائنز کیلئے گاکا کے سخت احکامات جاری

Published On 03 May,2021 01:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سعودی ایئرپورٹس پر آپریٹ کرنے والی ایئر لائنز کیلئے گاکا نے سخت احکامات جاری کر دئیے، کارآمد ویزہ کے بغیر عمرہ ادائیگی کیلئے پہنچنے والے مسافروں اور ایئرلائنز کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا نے تمام ایئر لائنز کو سرکلر جاری کر دیا، سرکلر کے مطابق کارآمد عمرہ ویزہ کے حامل مسافروں کو جدہ اور مدینہ ائیر پورٹ اترنے کی اجازت ہو گی، وزٹ ویزے کے حامل افراد عمرہ ادا نہیں کر سکیں گے۔

 

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ایئرلائنز سعودی حکام کی جانب سے جاری کارآمد عمرہ ویزہ کے بغیر مسافر کو پرواز کا ٹکٹ جاری نہ کریں، سعودی ائیر پورٹس پر عالمی پروازوں کی بندش پر پابندی چودہ مئی سے ختم ہونے کا امکان ہے، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت پر پابندی برقرار رکھنے یا اٹھائے جانے کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

 

Advertisement