شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے پلیٹ فارم سے نیشنل ڈائیلاگ ہونا چاہیے، احسن اقبال

Published On 04 May,2021 07:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے پلیٹ فارم سے نیشنل ڈائیلاگ ہونا چاہیے، حکومت اپنی تجاویز الیکشن کمیشن کو ارسال کردے۔

 

یہ بات انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیشہ اصلاحات کی ضرورت رہتی ہے تاہم ہمارے خیال میں حکومت ہر قسم کی کریڈبیلٹی کھو چکی ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ مروجہ قوانین کے ذریعے بہترین الیکشن کرائے جا سکتے ہیں لیکن اس کیلئے الیکشن میں اداروں کی مداخلت کو ختم کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوئی کریڈبیلٹی نہیں، اس لئے ہم چاہتے ہیں قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ اگر حکومت سنجیدہ ہے تو اپنی تجاویز الیکشن کمیشن کو دے جو اس پر اتفاق رائے پیدا کرے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یکطرفہ کارروائی کا مقصد دال میں کچھ کالا ہے۔ اگر اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں تو دھاندلی کا منصوبہ ہوگا۔ ان مشینیوں کے ذریعے کوئی بھی ٹمپر کر سکتا ہے۔
 

Advertisement