کورونا سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری وسائل استعمال میں لا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 04 May,2021 09:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری وسائل استعمال میں لا رہے ہیں۔

سردار عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور آکسیجن بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ آکسیجن سلنڈر کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آکسیجن سلنڈر کو مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ آکسیجن سلنڈر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی کو آکسیجن سلنڈر کی ذخیرہ اندوزی یا اوور چارجنگ نہیں کرنے دیں گے۔ انتظامیہ اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے کے لئے ہیلتھ ورکرز کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل کرنے سے وبا پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔ شہری ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کریں اور کورونا سے محفوظ رہیں۔
 

Advertisement