خوشاب: (دنیا نیوز) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 خوشاب میں ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔
تمام 229 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار معظم شیر کلو 73 ہزار 81 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے، تحریک انصاف کے امیدوار علی حسین بلوچ 62 ہزار 903 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ن لیگی کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نعرے بازی کی۔
ضمنی انتخاب میں کامیابی پر ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ملک معظم شیر کلو کو مبارکبار دی۔ ان کا کہنا تھا عوام نے آٹا چینی چوروں کو مسترد کر دیا، پی پی 84 میں کامیابی، ن لیگ کی دور حکومت میں کی جانے والی عوامی خدمت کا اعتراف ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں ملک معظم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو بہتر انتخابی مہم چلانے پر مباکباد پیش کی۔
اس موقع پر لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی پی 84 کا ضمنی انتخاب ایک ریفرنڈم تھا، مہنگائی سے تنگ عوام نے حکومت کو مسترد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ حلقہ پی پی 84 کی نشست مسلم لیگ ن کے رہنما ملک وارث کلو کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔