پاکستان کی اسرائیلی قابض افواج کے مسجد اقصی میں نمازیوں پر حملوں کی شدید مذمت

Published On 08 May,2021 04:13 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے اسرائیلی قابض افواج کے مسجد اقصی میں عبادت میں مصروف معصوم نمازیوں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے ، جس کے نتیجے میں متعدد نمازی زخمی ہوگئے ۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری مذمتی بیان میں بتایا گیا کہ پاکستان ان حملوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے، اس طرح کے حملے ، خاص طور پر رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے دوران ، تمام انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے قوانین کے منافی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں اورہم فلسطینی کاذکے لئے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں اور عالمی برادری سے ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے ہم ایک بار پھر 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستوں کے حل کی ضرورت پر زور دیتے ہیں اور القدس الشریف آزاد اور متصل فلسطینی ریاست کا قابل عمل دارالحکومت ہے۔
 

Advertisement