پاکستان کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت، مظالم فوری روکنے کا مطالبہ

Published On 16 May,2021 03:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر مظالم رکوانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی فورسز کے حملے ناقابل قبول، غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے منعقدہ ’او آئی سی‘ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا جی اس مجلس کا بروقت انعقاد اس ضمن میں نہایت ممدومعاون ثابت ہوگاکہ ہم مقبوضہ فلسطینی علاقوں بالخصوص القدس الشریف اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف متفقہ اور مضبوط لائحہ عمل طے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے نصب العین کی حمایت اپنے قیام سے ہی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک واضح اور نمایاں اصول رہا ہے۔ بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناح ابتدا سے ہی فلسطینی عوام کے جائز ومنصفانہ حقوق کے پرزور حامی رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں آج لگی لپٹی رکھے بغیر برملا انداز میں کھل کر اظہار خیال کرنا چاہوں گا۔ پاکستان، اپنے دفاع سے محروم، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض فوج کی طاقت کے غیر قانونی، بلا امتیاز اور وحشیانہ استعمال، جبر، مطلق العنانی اور ناانصافی پر حیرت زدہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف بربریت اور منظم جرائم کی مذمت کے اظہار کے لئے الفاظ کا دامن ناکافی ہے۔ اسرائیلی فوج کی کارروائیوں، اس کی نوآبادیاتی پالیسیز، اور اس کی جاری جارحیت، محاصرے اور اجتماعی آبادی کو سزا دینے کی ظالمانہ روش کی بناءپر مقبوضہ فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورت حال ناقابل برداشت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بے کس اور اپنے دفاع سے محروم فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے رحمانہ اور بلا امتیاز استعمال، عالمی انسانی و بنیادی حقوق سمیت عالمی قوانین اور اصولوں کی سنگین اور کھلی خلاف ورزی ہے۔ فلسطینی عوام کو درپیش اس سنگین صورتحال پر میرے وزیراعظم عمران خان نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور فلسطین کے صدر محمود عباس سے بات کی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حالیہ اسرائیلی جارحیت کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی اس سے آنکھیں چرائی جا سکتی ہیں۔ اس افسردہ اور تاریک موقع پر ہم فلسطین کے عوام اور حکومت کے ساتھ اپنی بھرپور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں جو جرآت اور بہادری سے اپنے جائز حقوق کا دفاع کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف اور اپنی عرب اور اسلامی شناخت کو برقرار رکھنے کے لئے، برسر پیکار فلسطینی عوام کی جرات و بہادری کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔
 

Advertisement