اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور رینجرز کارروائی کریں۔
لیہ میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے پولیس اور مقامی لوگوں پر ظلم کیا، معاملے پر آج ہی رینجرز کو فون کروں گا۔
خیال رہے کہ ڈیرہ غازی خان میں لادی گینگ نے بربریت کی انتہا کرتے ہوئے مخبری کے شبے میں 2 مغویوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ لادی گینگ نے خیر محمد نامی شخص کو موقع پر ہی گولی مار دی جبکہ دوسرے رمضان نامی شخص کا ناک، دونوں کان اور دونوں بازو کاٹنے کے بعد گولی مار کر لاش ویرانے میں پھینک دی جبکہ تیسرا مغوی تاحال لاپتا ہے۔
دوسری جانب اس اندوہناک واقعہ پر حکومت کے نوٹس لینے کے باوجود تاحال کوئی قابل ذکر ایکشن نہیں لیا گیا ہے۔ علاقے میں کشیدگی اور خوف وہراس کا عالم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اندرون سندھ امن وامان کی صورتحال، پولیس کا کچے میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ
ادھر حکومت نے اندرون سندھ میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کی سوکربی کیلئے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس اہم معاملے پر پولیس حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو تفصیلی بریفنگ دیدی گئی ہے۔ پولیس حکام نے درخواست کی کہ انھیں اس گرینڈ آپریشن کیلئے ہیوی مشینری اور جدید اسلحہ بھی درکار ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس جوانوں کے فنڈز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ یہ آپریشن شکارپور، گھوٹکی، کشمور اور سکھر کے علاقے میں کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سے گزارش کی گئی ہے کہ 3 نئی بکتر بند گاڑیاں اور جدید اسلحہ 24 گھنٹے میں فراہم کیا جائے جبکہ خفیہ اہم جدید آلات بھی حکومت پولیس کو فراہم کرے۔