اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملائیشیا کے ساتھ باہمی فائدے کیلئے تجارت، ثقافت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم سے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان شاندار تعلقات ہیں اور علاقائی اورعالمی امور پر ان کے خیالات ایک جیسے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے شاندار مواقع کی پیشکش کرتا ہے اور ملائیشیا کو سرمایہ کار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
صدر نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کو بھی اجاگر کیا۔