لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ اس بار گرمیوں کی چھٹیاں صرف دو سے تین ہفتوں کی ہوں گی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری سکول وحدت روڈ میں ویکسی نیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر نے ویکسین لگوائی۔ اس موقع پر مراد راس نے کہا کہ 7 جون سے سکول کھولنے جا رہے ہیں، اس سال گرمیوں کی چھٹیاں صرف دو سے تین ہفتوں کی ہوں گی۔
صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں 16 ہزار اساتذہ جبکہ 4 ہزار نان ٹیچنگ سٹاف کو ویکسین لگائی جائے گی۔ ڈاکٹر مراد راس نے محکمہ صحت کی کارکردگی کو خوب سراہا اور کہا کہ اس بار بھی محکمہ صحت کو زیادہ بجٹ مل جائے گا۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ویکسین کی کوئی کمی نہیں، لوگ صبر کا مظاہرہ کریں، روزانہ ڈیڑھ لاکھ شہریوں کی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے، ویکسین لگانے کی استعداد مزید بڑھائیں گے، اوورسیز پاکستانیوں کی ویکسی نیشن کے لیے خصوصی انتظامات سے متعلق مشاورت جاری ہے، اس سال صحت کے لیے خصوصی بجٹ رکھا جائے گا۔