اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور تقسیم کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیلی میٹری نظام نصب کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ صوبوں میں جانے والے پانی کی مقدار کی مانیٹرنگ اور لاسز کو روکا جا سکے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ آئندہ 10 سالوں میں دس بڑے ڈیمز بننے سے اتنا پانی ذخیرہ اور سستی پن بجلی پیدا ہوگی، جتنی 70 سالوں میں ہوئی ہے۔ ان آبی ذخائر کے مکمل ہونے سے ایک کروڑ 30 لاکھ ایکٹر فٹ پانی ذخیرہ ہو سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چارسدہ، نوشہرہ اور دیگر علاقے جو شدید بارشوں سے ڈوب جاتے تھے۔ ان آبی ذخائر کے مکمل ہونے کے بعد یہ علاقے بھی محفوظ ہو جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے، اس پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔
پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ واپڈا ایسا ادارہ ہے جس نے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں 500 ملین ڈالر کے گرین انڈس یورو بانڈ لے کر گئے، 6 گنا زائد سرمایہ کاری کاروں نے دلچسپی لی، 201 کمپنیوں نے اس عمل میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیم فنڈ سپریم کورٹ نے بنایا ہے، اس سے حاصل ہونے والے فنڈز ڈیمز کی تعمیر پر ہی لگائے جائیں گے۔ پاکستان کا آبپاشی کا نظام انگریز دور کا بنا ہوا ہے جو دنیا کے بہترین نظاموں میں سے ایک ہے۔ انگریز دور میں بنائی گئی چیزیں ٹھیک نہیں خراب کی گئیں۔
سندھ میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے اس موقع پر کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پانی کی تقسیم کو تکنیکی سے زیادہ سیاسی بنا دیا گیا ہے۔ 13سالوں میں 7 ہزار 89 ہزار سندھ میں لگائے گئے، 1650 ارب ڈویلپمنٹ میں لگایا جن میں 44 فیصد کرپشن ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک گھونٹ پانی چوری ہوا یا حق پر ڈاکہ ڈالا گیا تو ہم سندھ کے عوام کے لئے جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میری وزیراعظم سے بھی ملاقات ہوئی، عمران خان نے کہا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ کسی صوبے کے ساتھ زیادتی ہو۔