اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے مخالف قوتوں کے سی پیک کے حوالے سے غلط معلومات اور پروپیگنڈے کو ختم کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔
چینی سفیر نے بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) تعاون کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارت ہر قسم کے تعاون کی ایک اچھی شروعات ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون سمیت دیگر امور پر تبالہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چین اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر دونوں شخصیات میں مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے گہرے برادارانہ تعلقات ہیں جو ہمیشہ مشکل وقتوں میں پاکستان کا ساتھ دیتا ہے ، شاہرا قراقرم ہمارے مضبوط دوستانہ تعلقات کاثبوت ہے، پاکستان کے عوام کے پاک چین دوستی بارے اچھے خیالات رکھتے ہیں اور اس دوستی کو اعلی سطح پر برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر مملکت نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر چینی سفیر اور چین کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو( بی آر آئی ) ایک بڑا اقدام ہے جس میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) فلیگ شپ منصوبہ ہے۔
انہوں نے کوویڈ 19 سے بچاﺅ کے لئے ویکسین فراہمی اور بھرپور تعاون پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین کی اس ضمن میں فوری مدد قابل تعریف ہے، اس سے بہت سی قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کوویڈ 19کے خلاف کامیاب حکمت عملی کی عالمی ادارہ صحت نے بھی تعریف کی ہے۔