'خلیجی ملکوں میں مقیم پاکستانی تاجر اب کویت کیلئے آن لائن ویزا لے سکتے ہیں'

Published On 01 June,2021 06:55 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ دوسرے خلیجی ملکوں میں مقیم پاکستانی تاجر اب کویت میں داخلے پر آن لائن ویزا سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی پابندیوں کے باعث صرف کویتی باشندے ہی کویت میں داخل ہو سکتے ہیں تاہم طبی عملے کو استثنیٰ حاصل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے متعلقہ حکام مختلف شعبوں میں پاکستان سے افرادی قوت برآمد کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جو مشترکہ مذہب اور اقدار کی بنیاد پر مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں،مختلف شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون دوطرفہ تعلقات کی علامت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کو سعودی عرب اور کویت میں روزگار کے بہت مواقع ملیں گے:وزیرداخلہ

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے کویت کےلئے ویزے بحال کرائے۔ پاکستانیوں کو سعودی عرب اور کویت میں روزگار کے بہت مواقع ملیں گے۔

وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک روزہ دورے پر کویت گیا۔ کویت کے لئے میڈیکل، تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں مواقع اور فیملی ویزہ کی سہولت بحال ہوگئی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے۔ یہ بہت بڑا مسئلہ تھا جو ان کی حکومت نے حل کیا۔ سعودی عرب میں 30 لاکھ ملازمتوں کے مواقع ہیں جس میں سے 30 فیصد پاکستانیوں کو ملیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ترسیلات زر کا پاکستانی معیشت میں بڑا کردار ہے۔ پاکستانی معیشت کو اس سے استحکام حاصل ہو گا۔ پاکستان سے ڈاکٹرز اور تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ افرادی قوت کویت میں ملازمتوں کے لئے جائے گی۔ 425 ڈاکٹرز اسی ہفتہ چلے جائیں گے۔ کویت میں قید 52 پاکستانیوں میں سے 6 واپس آنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائمز کے 94 لاکھ کیسز تھے، میرے دور میں 36 ہزار رپورٹس ہیں جن میں سے 5 ہزار 355 انکوائریاں ہوئی ہیں جس کے نتیجہ میں 399 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سائبر ونگ کو جدید ترین آلات سے لیس کر رہے ہیں، انہیں نیا یونیفارم مہیا کریں گے، سٹاف کی کمی بھی دور کی جائے گی۔ نادرا کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے۔ میں نے کہا تھا کہ نون میں سے شین نکلے گی، اسی طرح نکلتی ہے۔ پی ڈی ایم میں اب صرف فضل الرحمن اور نون لیگ رہ گئی ہے۔ دو پارٹیاں پی ڈی ایم میں، دو باہر ہیں اور اب یہ صرف میڈیا کی حد تک ہے۔
 

Advertisement