7 جون سے صوبہ پنجاب کے تمام نجی اور سرکاری سکولز کھولنے کا نوٹیفیکیشن جاری

Published On 03 June,2021 08:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے 7 جون سے صوبے بھر کے اضلاع میں نجی اور سرکاری سکولز کھولنے کا نوٹٰی فیکیشن جاری کر دیا ہے۔ بچوں کو پچاس فیصد حاضری کے تحت بلانے کی پابندی برقرار رہے گی۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سکولوں میں طلبہ کو 50 فیصد حاضری کے تحت بلایا جائے گا۔ کوئی بچہ لگاتار دو دن سکول نہیں آئے گا۔ تمام متعلقہ اتھارٹیز کورونا ایس اوپیز پر عملدراآمد کروائیں گی۔

دوسری جانب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ نویں کلاس سے بارہویں جماعت کے طلبہ کے امتحانات صرف چند اختیاری مضامین میں ہوںگے۔

اس بات کا اعلان گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایک پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ میٹرک کے طلبہ کو ریاضی اور چار اختیاری مضامین کا امتحان دینا ہوگا جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ صرف اختیاری مضامین کے امتحان دیںگے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت سے کیا گیا ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ اور ثانوی تعلیم کے تمام بورڈوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگلے مہینے کی دس تاریخ کے بعد یہ امتحانات منعقد کریں۔

انہوں نے کہا کہ اولیول کے امتحانات 23 جولائی کے بعد ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ مشاورتی عمل تمام فیصلوں پر اتفاق رائے یقینی بنا کر کیا گیا۔
 

Advertisement