لاہور: (روزنامہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت گریڈ 1 سے 19 تک کے صوبائی ملازمین کو25فیصد خصو صی الاؤنس دے گی، خصوصی الاؤنس کا اطلاق یکم جون 2021 سے ہوگا اور 7 لاکھ 21 ہزار سے زائد ملازمین حقدار ہوں گے۔ کابینہ نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 7 ارب 10 کروڑ روپے کے فنڈز کے اجرا کی منظوری دی ، پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن کے شہریو ں کومفت علاج معالجہ کی سہولتیں ملیں گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پروگرام کے تحت پنجاب کی پوری آبادی کومفت ہیلتھ کوریج دیں گے۔ دسمبر تک ہر خاندان کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دیں گے اور اس پروگرام کے تحت 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی ۔
پنجاب کابینہ نے 122سال پرانے سٹمپ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی اور اس ترمیم سے بورڈ آف ریونیو کے پاس پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے آڈٹ کا اختیار ہوگا۔ فلیٹس،ملٹی سٹوری بلڈنگز کی ملکیت کا ریکارڈ جمع کیاجا سکے گااورحکومت کو ریونیو ملے گا۔ وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت پیری اربن ایریا زمین، افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹس کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے ،پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں توسیع ،راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکے عہدے پر میرٹ میں پہلے نمبر پرآنے والے عمران امین کی تقرری ،راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے ممبران کی نامزدگیوں ، پنجاب آرمز رولز 2017ء میں ترمیم کی منظوری د ی گئی اور اس ترمیم سے اسلحہ لائسنس کی ٹرانسفر اورموڈی فکیشن کا اختیار اضلاع میں ڈپٹی کمشنرکے پاس ہو گا۔
کابینہ نے سولرپاور کی نیٹ میٹرنگ پر عملدرآمد کے لئے محکمہ توانائی اور ڈسکوز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے مسودے کی منظوری دی ۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے 222ملازمین کو ریگولر کرنے کے لئے قواعد وضوابط کے مطابق مزید اقدامات کرنے کی اجازت دے دی۔ چیئرمین پنجاب زکوٰۃو عشر کونسل کے عہدے کے قواعد وضوابط میں ردوبدل کی منظوری بھی دی گئی۔