راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی میڈیکل کالج نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا، سماعت سے محروم 200 افراد کے کامیاب آپریشن مکمل کرنے پر سرجن جنرل آف پاکستان لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے آرمی میڈیکل کور کی زبردست کارکردگی کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سماعت سے محروم افراد کے 200 ویں آپریشن مکمل ہونے کے حوالے سے آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں سرجن جنرل آف پاکستان لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر مہمان خصوصی تھیں۔
پہلا کاکلیر ایمپلانٹ ایک سپاہی کو 2017ء میں نصب کیا گیا تھا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر اس اہم طبی سہولت کا دائرہ پیدائشی طور پر سماعت سے محروم بچوں تک بڑھایا گیا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا کہ 200 واں کامیاب کاکلیر ایمپلانٹ آرمی میڈیکل کور کی زبردست کارکردگی ہے، سرجن جنرل آف پاکستان نے زمانہ امن و جنگ میں آرمی میڈیکل کور کی گرانقدر خدمات کو سراہا۔