خطرناک حالات میں کام بچوں کی نفسیاتی صحت کیلئے نقصان دہ ہے، شیریں مزاری

Published On 18 June,2021 08:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نےکہا ہے کہ کووڈ۔ 19 نے عدم مساوات کو بڑھا دیا ہے جس کے نتیجے میں بچے خطرناک حالات میں کام کرتے ہیں جو ان کی جسمانی اور نفسیاتی صحت کے لئے نقصان دہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں یو این ڈی پی کے زیر اہتمام چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے عالمی سال کی یاد میں منعقدہ ایک ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بچوں سے مزدوری پاکستان کے آئین کی خلاف ورزی ہے جو 14 سال سے کم عمر بچوں کو مضر کام کرنے سے منع کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین ریاست 16 سال تک کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کا بھی عہد کرتا ہے۔ ہم ایک ریاست کی حیثیت سے بچوں کی مزدوری کوبین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن قوانین اور بچوں کے حقوق سے متعلق بین الاقوامی کنونشن کے مطابق ہر طرح سے ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں ، جن پر پاکستان نے دستخط کر رکھے ہیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے متعدد اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ آئی سی ٹی ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ 1991 میں ایک ترمیم پیش کی گئی ہے ، جو 14 سال سے کم عمر بچوں سے گھریلو مزدوری پر پابندی عائد کرتی ہے، چائلڈ لیبر کی وسعت کا اندازہ لگانے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کی پالیسیاں موثر انداز میں نافذ کرنے کے لئے یونیسیف کے تعاون سے ایک قومی سروے جاری ہے، اسے رواں سال کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا، بچوں کے حقوق پر قومی کمیشن برائے حقوق اطفال ، چلڈرن ایکٹ 2017 کے قومی کمیشن کے تحت قانون نافذ کیا گیا ہے۔ کمیشن ملک میں بچوں کے حقوق؍ چائلڈ لیبر کی صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ پاکستان بیت المال نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے 159 بحالی مراکز قائم کیے ہیں جس میں ملازمت کے مقامات سے دستبردار ہونے والے بچوں کو مفت تعلیم اور وظیفہ دیا جاتا ہے، احسا س پروگرام معاشرے کے غریب ترین طبقات کے لئے غیر مشروط رقم دیتا ہے ، اور تاکہ بچوں کو مزدوری نہ کرنا پڑے۔

انھوں نے آئی سی ٹی چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ ، 2018 کے تحت قائم حال ہی میں افتتاح کئے گئے “شہید اعتزاز احسن چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ” پر روشنی ڈالی۔ یہ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کی سطح پر خطرات سے دوچار بچوں اور جبری مشقت کا شکار بچوں کو خدمات فراہم کرتا ہے اس کے علاوہ یہ انسٹیٹیوٹ سٹریٹ چلڈرن ، اسمگل ہونے والے ، گمشدہ اور نظرانداز کیے جانے والے بچوں ، کو بچانے ، پناہ دینے ، مشاورت ، خاندان کی تلاش اور بحالی کی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔
 

Advertisement