اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے پاس ن لیگ کا کنٹرول نہیں، انہیں فیصلے کیلئے کسی کا کندھا چاہیے۔ سندھ میں جمہوریت کے نام پر آمریت ہے، فضل الرحمان چاہتے ہیں سسٹم نہ چلے، اپوزیشن عمران خان کو نہیں ہراسکتی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں آرئیکل 140 اے کا عملدرآمد کرانا لازم ہو گیا ہے، جو پیسہ بھی سندھ کے حوالے کیا، وہ دبئی سے برآمد ہوتا ہے، کبھی لانچوں کے ذریعے تو کبھی جعلی اکاؤنٹس سے پیسہ باہر بھیجا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی، انتخابی اصلاحات پر پارلیمنٹ سے ہٹ کر گفتگو نہیں ہو سکتی، ن لیگ کا کنٹرول شہباز شریف کے پاس نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں شفاف الیکشن کے لئے اصلاحات کرناچاہتے ہیں، وہ کرکٹ میں بھی نیوٹرل ایمپائر لے کر آئے تھے۔ اپوزیشن والے ایک طرف تو ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف ووٹرز کو ٹھوکریں مارتے ہیں، اپوزیشن بھی انتخابی اصلاحات سے متعلق تجاویز دے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، سندھ کےسب سے بڑے دشمن سندھ پر راج کر رہے ہیں، یہ ضروری ہے کہ جو پیسہ سندھ کو دیں اس کی مانیٹرنگ کی جائے۔ پانی خود چوری کر رہے ہیں، الزام وفاق، پنجاب پر لگایا جا رہا ہے۔ ارسا نےعملی اقدام شروع کیے تو مراد علی شاہ جوتے چھوڑ کر بھاگ گئے۔ فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ زرداری، فریال تالپور، مرادعلی شاہ کی زمینوں کا پانی چوری کیوں نہیں ہوتا۔