اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کیلئے آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گی، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی نیب ریفرنسز میں سزاکے خلاف اپیلوں پر سماعت آج ہو گی ،جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ اپیلوں کو یکجا کر کے سماعت کرے گا ۔ نواز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے جبکہ نیب نے نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت سے بریت کو چیلنج کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ نوازشریف ، ان کی بیٹی مریم نواز اورداماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی تھی۔ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔