سکولوں میں یکم جولائی سے گرمیوں کی چھٹیاں دینے پر غور

Published On 25 June,2021 06:09 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) محکمہ سکول ایجوکیشن نے یکم جولائی سے سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے یکم اگست تک چھٹیاں دینے کی تجویز ہے۔ اس وقت سکولوں میں امتحانات چل رہے ہیں اور 30 جون تک سرکاری سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک امتحانات جاری رہیں گے۔ رواں ہفتے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ پانچویں جماعت کے بورڈ امتحانات ختم کرنے کے بعد اب ہم آٹھویں جماعت کا امتحان بھی ختم کرنے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صوبہ پنجاب میں آٹھویں جماعت کا بورڈ امتحان ختم کرنے کا اعلان

اس بات کا اعلان انہوں نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبے میں تعلیم کی صورتحال بارے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تعلیم گھر کھولا، ایک لاکھ بیس ہزار ٹیچرز رجسٹرڈ کیے۔ 1200 پہلے سکول اپ گریڈیشن کیے، سات ہزار مزید سکولوں کو اپ گریڈ کرنے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایلمنٹری سکولز میں شام کے اوقات میں کلاسز کا جلد آغاز ہوگا۔

مراد راس کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے دور میں سکول ایجوکیشن میں ویڈیو کال کا نظام نہیں تھا۔ ایک ٹیچرز کے ٹرانسفر کیلئے ڈیڑھ لاکھ تک رشوت لی جاتی تھی۔ ای ٹرانسفر کے ذریعے ہم نے ٹیچرز کے ٹرانسفر کو آسان بنایا

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بغیر کوئی رقم خرچ کئے ہم نے ای ٹرانسفر ایپ تیار کی، آج ٹیچر گھر بیٹھ کر اپنے ٹرانسفر، ریٹائرمنٹ اور اے سی آر کیلئے آن لائن اپلائی کر سکتا ہے۔ اپوزیشن کی کارکردگی دیکھی جائے تو انہوں نے گزشتہ دس سالوں میں کوئی کام نہیں کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دو ہزار سکولز میں کلاس روم بنائے، 400 سو ای لائبرییز ہم نے بنائیں۔ پانچ سال بعد جب ہم چھوڑ کر جائیں گئے سارا سسٹم موبائل فونز پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والے چاہتے ہیں کہ صوبے کی عوام کو جاہل رکھا جائے، یہ آگے نہ بڑھیں اور انہیں ووٹ ڈالتے رہیں۔
 

Advertisement