گیس اور بجلی کی ترسیل کی صورتحال پیرتک معمول پرآجائے گی ،وزیرتوانائی

Published On 02 July,2021 08:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پیر تک ملک بھر میں گیس اور بجلی کی ترسیل کی صورتحال معمول پر آ جائے گی۔

جمعہ کی شام اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر ایل این جی کی ترسیل چالیس فیصد بحال ہو گئی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ کل تک گیس کی بحالی 70 فیصد ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موسم کی شدت کی وجہ سے ملک بھر میں بجلی کی کھپت میں بے تحاشا اضافہ کی وجہ سے ترسیل اور کھپت میں خلیج بڑھ گئی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کو گیس کی ترسیل نوے فیصد بحال ہوگئی ہے اور اب کمپنی کو گیس کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی شدید کمی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار بیس سے پچیس فیصد رہ گئی ہے تاہم پانی کی ترسیل میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لئے اس مناسبت سے بجلی کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔
 

Advertisement