گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی لوڈشیڈنگ بےقابو،شہری اذیت سےدوچار

Published On 07 July,2021 05:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گرمی بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہو گیا ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری شدید پریشان ہیں۔

شدید گرمی میں سسٹم اوورلوڈ ہونے سے مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنے لگی ہے۔ شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، پتوکی، اوکاڑہ اور رائیونڈ سمیت مختلف شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

لاہور میں شفیق آباد، راوی روڈ، ٹمبر مارکیٹ، کریم پارک، سلطان پورہ، چمڑہ منڈی، گھوڑے شاہ، وسن پورہ، سوامی نگر، امین پارک، بیگم کوٹ، شاہدرہ، موچی گیٹ، شاہ عالم مارکیٹ کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں رہنے والے شہریوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب کا سامنا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں تکنیکی خرابیوں، ٹرانسفارمر اور تاریں جلنے کے باعث بھی بجلی بند رہنا معمول بن چکا ہے۔ مختلف علاقوں میں ٹرپنگ اور لو وولٹیج نے بھی شہریوں کو پریشان کر دیا ہے۔

شدید گرمی میں نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کا ٹرانسمیشن سسٹم بھی متاثر ہو کر اوورلوڈ ہونے لگا ہے۔ سسٹم اوورلوڈنگ کی وجہ سے شمالی لاہور اور اندرون لاہور میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

سسٹم اوورلوڈ ہونے کی وجہ سے لیسکو کے متعدد گرڈ سٹیشنز پر ٹرپنگ ہونے لگی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی کے شیخوپورہ اور راوی گرڈ سٹیشن اوورلوڈ ہو چکے ہیں۔

راوی سرکٹ سے نکلنے والے لیسکو کے گرڈ سٹیشنز پر بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ لیسکو کے موچی گیٹ، بادامی باغ، چاہ میراں اور بھاٹی گرڈ سٹیشن پر بھی ٹرپنگ ہونے لگی ہے۔ متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے۔

ٹرپنگ کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی بندش سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ لیسکو کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔

لیسکو کی ڈیمانڈ 4600 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی لیکن اسے صرف 4500 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، لیسکو کو 100 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔
 

Advertisement