کراچی: (دنیا نوز) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب نے جھوٹے کیسز کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچایا، پاکستان کو مفلوج کر کے رکھ دیا، متعدد وزراء کرپشن کے الزام میں نکالے گئے لیکن ان کے خلاف کوئی کیس نہیں بنا۔
سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے نیب کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب سے گھبراتے ہیں نہ کیسز سے، ملک میں بجلی، گیس کی کمی کا ذمہ دار کون ہے ؟ مہنگی ترین ایل این جی خرید کر بجلی بنانے کا ذمہ دارکون ہے ؟ آج کرپشن تو خود حکومت میں ہے، چینی، گندم، پٹرول بحران کے کیسز کون دیکھ رہا ہے ؟۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزراء کے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے کمیشن بنائے جاتے ہیں، کیسز صرف مخالفین کو دبانے کیلئے ہیں، وزیراعظم خود کہہ رہے ہیں وہ مقدمات بنا رہے ہیں، آپ حکومت میں آنے کے قابل نہیں تھے، غیر منتخب افراد کی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت غیر مناسب تھی، اجلاس میں بریفنگ کا مقصد ارکان پارلیمنٹ کو حقائق سے آگاہ کرنا ہوتا ہے، جتنی جلدی الیکشن ہوں ملک کیلئے اتنا ہی بہتر ہے۔