راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تاجک وزیر دفاع نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی صورتحال پر غور جبکہ افغان سرحد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیتے ہوئے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں تاجک افغان سرحد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تاجکستان سے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان تاجکستان تعلقات کی بنیاد عقیدہ، ثقافت اور خطہ میں استحکام کی بنیاد ہے۔
آرمی چیف نے خطے میں رابطوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ تاجک وزیر دفاع شیر علی مرزو نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے عزم کا بھی اعادہ کیا۔