اوکاڑہ: سیوریج بند ہو جانے سے شہری بدبو دار پانی میں سے جنازے گزارنے پر مجبور

Published On 22 July,2021 03:27 pm

اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ کی میونسپل کمیٹی کی نااہلی اور غفلت سے سیوریج سسٹم بند ہو جانے سے شہری گلیوں میں کھڑے بدبو دار پانی میں میں سے پیاروں کے جنازے گزارنے پر مجبور ہو گئے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے نوٹس کا مطالبہ کر دیا۔

گزشتہ رات ہونے والی بارش نے ضلعی انتظامیہ کی غفلت کا پول کھول دیا، اوکاڑہ کے کئی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ میونسپل کمیٹی کے عملے اور افسران کی نا اہلی اور غفلت سے سیوریج سسٹم بند ہو گیا، ابلتے گٹر اور گلیوں میں کھڑے گندے پانی اور آلائشوں سے تعفن پھیلنے لگا۔ صمد پورہ میں شہری گندے اور ناپاک پانی میں سے گزر کر اپنے پیاروں کے جنازوں کو قبرستان پہنچانے ہر مجبور ہو گئے ہیں۔

گندے پانی سے جنازہ لے جانے کی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے جس میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح شہری جنازے کو گندے اور بدبودار پانی سے گزار کر لے جا رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے ہم اس پریشانی میں مبتلا ہیں کسی غمی خوشی پر کوئی ہمارے گھروں میں نہیں آتا، عید پر بھی ہم اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ نمازیوں کو مساجد میں جانے کی مشکلات ہیں۔ ہم اپنے پیاروں کے جنازے کس طرح جنازہ گاہ لے کر جائیں، حال پر رحم کیا جائے۔

شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور نا اہل میونسپل کمیٹی افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Advertisement